798

ماہ اگست میں کپاس کی دیکھ بھال ( پہلا حصہ)

ماہ اگست میں کپاس کی دیکھ بھال ( پہلا حصہ)
تحریر: ڈاکٹر زاہد محمود، ڈائریکٹر، سی سی آر آئی ملتان

میں امید کرتا ہوں میرے کپاس کے کاشتکار بھائی خیریت سے ہوں گے اور آج میں اپنے کپاس کے کاشتکار بھائیوں کو بتاؤں گا کہ اس وقت یعنی کہ ماہ اگست میں انہیں اپنی کپاس کی فصل کی دیکھ بھال کے لئے کیا اقدامات کرنا چاہئیں تاکہ ان کی فصل کی بہتر نگہداشت ہو سکے اور وہ اچھی پیداوار لے سکیں۔
جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ اگست کا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور اس وقت فصل پر پھول پھل ڈوڈی گڈی بننے کا عمل تیز ہو چکا ہے اسی وجہ سے کپاس کی فصل کی اچھی پیداوار میں اگست کے مہینہ میں فصل کا دوران حیات ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ دراصل فصل اپنی عمر کے پہلے اوائل میں بڑھوتری کی طرف زیادہ راغب ہوتی ہے اور بہت تھوڑا پھل تقریباً 25-15فیصدجولائی کے مہینے میں اُٹھاتی ہے۔لیکن اگست کے مہینے میں فصل بھرپور پھل اُٹھانے کے مراحل سے گذرتی ہے اور اِس مہینے میں فصل کے پھل اُٹھانے کا اِنحصار فصل کی ابتدائی بڑھوتری کی نگہداشت پر ہوتا ہے۔اگر فصل کی نگہداشت جولائی کے آخر تک احسن طریقے سے کی گئی ہو تو اگست کے مہینے میں فصل بھرپور پھل اُٹھانے کے قابل ہوتی ہے۔اگست کے مہینے میں دن کا درجہ حرارت زیادہ اور رات کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے اور درجہ حرارت ڈوڈیوں (کلیوں) کے بننے اور ڈوڈیوں سے پھولوں اور پھولوں کا ٹینڈوں میں تبدیل ہونے کیلئے نہایت ہی موزوں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فصل اگست کے مہینے میں زیادہ پھل اٹھاتی ہے تقریباً 30 فیصد جبکہ ستمبر کے آخری 10دنوں میں تقریبا ً70فیصد تک پھل اٹھاتی ہے۔اگر فصل کی ابتدائی نگہداشت میں کوئی کمی رہ گئی ہو تو اگست کے مہینے میں آخری موقع ہوتا ہے کہ اُس کمی کو پورا کیا جائے اِس لئے اگست کے مہینے میں تھوڑی سی لرزش یا کوتاہی فصل کی پیداوار میں بہت زیادہ کمی کا سبب بنتی ہے۔ کاشتکاروں کو چاہئے کہ اس مہینے میں مندرجہ ذیل سفارشات پر عمل کرے۔

کپاس کی فصل کے لئے کھاد اور پانی کا استعمال

کاشتکار اس وقت کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دیں تاکہ فصل کی بڑھوتری کا عمل جاری رہے اور بھرپور پیداوار حاصل ہوسکے جبکہ کپاس کے پودوں کی چوٹی پر سفید پھول کی موجودگی فصل کی بڑھوتری رک جانے کی علامت ہے جس کو کھاد اورآبپاشی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ کپاس کے کاشتکار متوقع بارش کی صورت میں آبپاشی سے اجتناب کریں اور اگر فصل پانی کمی کا شکار ہے تو ہلکی آبپاشی کی جائے۔اسی طرح 15مئی کے بعد کاشتہ فصل میں کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کا عمل جاری رکھیں۔

اگر کپاس کا قد بڑھ رہا ہو اور پھل کم ہو تو کاشتکار فصل پر گروتھ ریٹارڈنٹ یعنی میپی کواٹ کلورائیڈ وغیرہ کا سپرے کریں تاکہ پودے کا
رجحان پھل کی طرف ہو جائے۔

کپاس کا قد بڑھنا لیکن پھل کا کم ہونا

اس کے علاوہ یکم اپریل سے15مئی تک کاشتہ فصل پرپھل کی بہتری کے لئے کاشتکار پوٹاشیم سلفیٹ400گرام،
زنک سلفیٹ300گرام اور بورک ایسڈ بحساب200گرام فی ایکٹر محلول بنا کر 100لٹر پانی کے ساتھ اسپرے کریں۔

اسی طرح 15مئی یا اس کے بعد کاشتہ کپاس کی فصل پر کاشتکار پھل کی بہتری کے لئے پوٹاشیم سلفیٹ400گرام،
،میگنیشیم سلفیٹ300گرام، زنک سلفیٹ250گرام، بورک ایسڈ200گرام اور یوریا2کلوگرام کا محلول بنا کر100لٹر پانی کے
ساتھ اسپرے کریں۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں